اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام اور مہمانوں کے دشمنوں کے مکمل خاتمے تک لڑیں گے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیر صدارت سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست کی عملداری اورعوام کے صبر کا غلط اندازہ لگایا ہے، ہم پاکستان پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کے لئے کام کرنے والے ہر غیر ملکی خاص کر چینی باشندوں کے تحفظ کے لئے ہر کارروائی کریں گے، دہشت گردی کے خلاف پوری شدت سے لڑیں گے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ قوم نے دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، قوم نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلے کو کم سمجھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، یقینی بنائیں گے کہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے والا ہر غیر ملکی خصوصاً چینی شہری پاکستان میں محفوظ رہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔