سال 2024 کا پہلا چاند گرہن، پاکستان میں نظر نہیں آیا

کراچی:(نیوز ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے علاوہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں سال 2024ء کے پہلے چاند گرہن کا نظارہ کیا گیا۔ چاند گرہن کا آغاز 25 مارچ 2024 کو صبح 9 بجکر 53 منٹ پر ہوا جو دوپہر 12 بجکر 12 منٹ پر عروج کو پہنچا، چاند گرہن کا اختتام دوپہر 2 بجکر 32 منٹ پر ہوا، مجموعی طور پر چاند گرہن کا دورانیہ 4 گھنٹے 40 منٹ تھا۔

چاند گرہن امریکا، یورپ کے بیشتر ممالک، آسٹریلیا، افریقا، شمالی اور مشرقی ایشیا میں دیکھا گیا جبکہ چاند گرہن کا نظارہ پاکستان اور بھارت میں نہیں کیا جا سکا، رواں سال کا دوسرا جزوی چاند گرہن 17 ستمبر کو ہوگا۔

جزوی چاند گرہن کے دوران زمین کا بہت کم سایہ چاند پر نظر آئے گا، اس سے چاند کا کوئی حصہ چھپتا نہیں ہے، اس طرح کے چاند گرہن کو ’پینمبرل‘ چاند گرہن کہا جاتا ہے، ’پینمبرل‘ چاند گرہن کے دوران چاند کی چمک معمولی ماند پڑ جاتی ہے۔

چاند گرہن کیوں ہوتا ہے؟

چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین چاند اور سورج کے درمیان آ جاتی ہے جس سے چاند پر سورج کی روشنی نہیں پڑتی اور چاند نظر نہیں آتا، چاند گرہن کبھی جزوی ہوتا ہے اور کبھی پورا، یہ اس کی گردش پر منحصر ہے۔

ناسا کے مطابق چاند گرہن کے دوران چاند زمین کے سائے میں آ جاتا ہے لیکن اس کے باوجود کچھ روشنی چاند پر پہنچتی رہتی ہے، چاند گرہن کے دوران سورج کی روشنی زمین کی فضا سے گزر کر چاند پر پڑتی ہے۔

ناسا کا کہنا ہے سورج کی روشنی چاند پر پڑنے کی وجہ سے گرہن کے دوران چاند سرخ نظر آتا ہے جسے ’خونی چاند‘ بھی کہا جاتا ہے، مکمل چاند گرہن کبھی کبھار ہی ہوتا ہے لیکن جزوی گرہن سال میں دو مرتبہ ہوتا ہے۔