عمران خان کا الیکشن میں دھاندلی کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع

سابق وزیراعظم نے تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست دائر کردی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست دائر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت عظمیٰ سے جوڈیشل کمیشن بنا کر اس کی تحقیقات کرنے کی استدعا کی گئی ہے، اس مقصد کے لیے درخواست سینیئر وکیل حامد خان کی معرفت سے دائر کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے درخواست میں عدالت عظمیٰ سے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے تک وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کو معطل کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے، درخواست میں ان کا کہنا ہے کہ 8 فروری کے الیکشن میں جیتنے والوں کو فراڈ نتائج سے ہرانے کی تحقیقات کی جائیں اور دھاندلی کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل ایسا کمیشن بنایا جائے جو کوئی تعصب نہ رکھتا ہو۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے سائفر معاملے کی تحقیقات کیلئے بھی جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا، قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے کہا کہ ہماری پارٹی کا سائفر کے معاملے پر واضح مؤقف ہے کہ ایک امریکی ڈپلومیٹ نے حکومت پاکستان کو ڈکٹیٹ کیا، سپریم کورٹ سائفر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائے، سائفر پر جوڈیشل کمیشن بنائیں اور تحقیقات کریں، کیا شہبازشریف اور ن لیگ نہیں کہتی تھی سائفر جھوٹ کا پلندہ ہے، شہباز شریف کہتے تھے کوئی سائفر نہیں، پہلے سائفر کو جھوٹ کہا پھر اسے بنیاد بناکر سزا دلوادی، سائفر کو بنیاد بنا کر عمران خان پر مقدمات بنائے گئے اور انہیں سزائیں دی گئیں، میاں صاحب سے پوچھتا ہوں ضمیر جاگ رہا ہے یا نہیں۔