اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے اسلام آباد کا سیاحتی لوگو جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سن گلاسز، کیپ اور رومال پہننے تیندوا ’’مارگو‘‘ اب اسلام آباد کی پہچان ہوگا، معدومیت کے خطرے سے دوچار ایشیائی تیندوے کو ماسکوٹ ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سی ڈی اے بورڈ نے اسلام آباد کا ماسکوٹ متعارف کروانے کی منظوری دیدی۔
اسلام آباد کا سیاحتی لوگو ’’مارگو‘‘ مارگلہ پہاڑیوں سے اخذ کیا گیا ہے، مارگو کو اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں، سیاحتی مقامات پر لگایا جائے گا، مارگو کو اسلام آباد کے تمام بڑے پارکس، میٹرو سٹیشنز پر لگایا جائیگا۔
سیاحتی لوگو کو پاک چائنا سینٹر، کنونشن سینٹر، مارگلہ ٹریلز پر لگانے کا بھی پروگرام ہے، سیاحتی لوگو کو اسلام آباد کے تعلیمی، ثقافتی اداروں پر بھی لگایا جائے گا۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق مارگو اسلام آباد کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے لانچ کیا جائے گا، دیگر عالمی شہروں کی طرح اسلام آباد کی بھی ایک پہچان ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سیاحتی لوگو کے ذریعے عالمی سطح پرمارگلہ پہاڑیوں کو فروغ دیا جائیگا، معدومیت کا شکار تیندوے کی بقا کیلئے کوششیں بھی اجاگر ہوں گی۔