بلوچستان کے سرد علاقوں میں آج سے نئے تعلیمی سال کا آغاز

کوئٹہ: (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے سرد علاقوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو گیا، صوبے کے 20 اضلاع میں سکول آج سے کھل گئے ہیں۔ نئے تعلیمی سال کی داخلہ مہم میں اڑھائی لاکھ سے زائد نئے بچوں کے داخلے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق اس سال نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر بلوچستان کے سکولوں میں “آؤ بچو سکول چلیں” کے عنوان سے داخلہ مہم شروع کی جارہی ہے جس میں 2 لاکھ 69 ہزار 143 نئے بچے سکولوں میں داخل کئے جائیں گے۔

حکام نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں پہلی سے بارہویں جماعت کے طلباء و طالبات کو مفت کتب فراہم کی جائیں گی، کتابوں کی چھپائی کا کام تقریباً مکمل ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ بلوچستان میں موسم سرما کی تعطیلات کیلئے سکول 16 دسمبر کو بند کئے گئے تھے۔