گرین پاکستان انیشی ایٹو ، زرعی آلات پاکستان پہنچ گئے

20 ٹریکٹر، ڈرپ آبپاشی نظام، ، سیٹلائٹ اور ڈرون انٹیلی جنٹ کنٹرول پلیٹ فارم شامل

اسلام آ باد(نیوز ڈیسک) گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت زرعی آلات کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، اس میں 20 ٹریکٹر، ڈرپ آبپاشی نظام، ، سیٹلائٹ اور ڈرون انٹیلی جنٹ کنٹرول پلیٹ فارم شامل ہے۔گوادر پرو کے مطابق گرین پاکستان انیشی ایٹو (جی پی آئی)کے تحت زرعی آلات کی پہلی کھیپ مشکل موسمی حالات کے باوجود خنجراب پاس کے راستے چین سے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
گوادر پرو کے مطابق کارگو میں 20 ٹریکٹر، ڈرپ آبپاشی کے نظام، ہوز ریل پر مبنی آبپاشی کے نظام، سیٹلائٹ اور ڈرون انٹیلی جنٹ کنٹرول پلیٹ فارم شامل ہیں۔ مزید برآں، یہ کھیپ زراعت کے لئے اسمارٹ ایگریکلچر مینجمنٹ پلیٹ فارم اور انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی)لائی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں اپنے قیام کے بعد سے جی پی آئی معاشی بحالی کے لئے حکومت کے نئے منصوبے کا ایک اہم حصہ رہا ہے۔
چونکہ پاکستان ابھی صنعت کاری کے ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے بجلی گھروں سمیت اس کی موجودہ مشینری اور آلات میں سے زیادہ تر کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جس سے یہ اقدام خاص طور پر ملک کے لیے اہم ہو گیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق جی پی آئی جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات اور حیاتیاتی تنوع سے متعلق مختلف پہلوئوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ اس کا مقصد پائیدار طریقوں کو فروغ دینا اور پاکستان کے تمام صوبوں میں لوگوں کی فلاح و بہبود میں اضافہ کرنا ہے۔