ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن و دیگر کی اپیلیں سننے والا بنچ ٹوٹ گیا

جسٹس طارق محمود جہانگیری کی کیس کی سماعت سے معذرت ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیس میں اپیل کی سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن و دیگر کی اپیلیں سننے والا بنچ ٹوٹ گیا،جسٹس طارق محمود جہانگیری کی کیس کی سماعت سے معذرت ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس آپریشنز اور اسٹیشن ہاوٴس افسر مارگلہ کی توہین عدالت کیس میں سزا کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمور جہانگیری نے کی، دوران سماعت 2 رکنی بینچ میں سے ایک جج نے کیس کی سماعت سننے سے معذرت کرلی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیس میں اپیل کی سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔یاد رہے کہ یکم مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں توہین عدالت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کو 6 ماہ، ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ اور ایس ایچ او کو 2 ماہ قید کی سزا سنادی تھی۔
شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں عدالتی حکم عدولی پر ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کا محفوظ شدہ فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سنایا تھا۔فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے تھے۔
فیصلے کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا اور جرمانہ کیا گیا جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی، ایس ایچ او کو بھی دو ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔عدالت کی جانب سے فیصلے کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے توہین عدالت کیس کا فیصلہ چیلنج کیا، ڈی سی کی جانب سے سنگل بینچ فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جسے سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا تھا۔