جاتی سردی واپس آ گئی، آئندہ چند روز بارشوں اور برفباری کی پیشن گوئی

مغربی ہواوں کا سلسلہ 29 فروری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، ملک کے بیشترعلاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور موسلادھار بارشیں متوقع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جاتی سردی واپس آ گئی، آئندہ چند روز بارشوں اور برفباری کی پیشن گوئی، مغربی ہواوں کا سلسلہ 29 فروری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، ملک کے بیشترعلاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور موسلادھار بارشیں متوقع۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 29 فروری سے 2 مارچ تک مزید بادل برسنے کا امکان ہے، ملک کے بیشترعلاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ مغربی ہوائوں کا سلسلہ 29 فروری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، 29 فروری سے یکم مارچ کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
29فروری سے 3 مارچ کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، ہری پور، کوہستان، کرک، پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں بارشیں ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لکی مروت ، مردان اور دیگر شہروں میں بھی بارشیں متوقع ہیں جبکہ اسلام آباد، مری، گلیات، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہو سکتی ہے۔29 فروری سے یکم مارچ کے دوران سندھ کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، سکھر، جیک آباد، کشمور، لاڑکانہ، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، خیرپور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ حیدرآباد، میرپورخاص میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ دوسری جانب کراچی سمیت ملک کے جنوبی حصوں میں تیز ہوائیں چل پڑیں ہیں جو کہ بدھ کی رات تک جاری رہ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہوائوں کے باعث کراچی میں جاتی سردی واپس لوٹ آئی ہے۔ جبکہ خیبرپختونخواہ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔