لاہور (سپورٹس ڈیسک) صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگٹی کی ہدایت پر ملک بھر میں ہاکی کلبوں کی سکروٹنی کے لئے رجسٹریشن کی تاریخ میں مزید10دن کی مہلت دے دی گئی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن آفس ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ملک بھر میں موجودہ ہاکی کلبوں کی سکروٹنی اور غیر جانبدارانہ و منصفانہ پی ایچ ایف الیکشن کے عمل کے لئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 26 فروری 2024 ء مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ملک بھر میں موجود تمام فعال ہاکی کلبوں کو سکروٹنی میں شامل ہونے کے لئے کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن فارم جاری کئے گئے جنہیں جمع کرانے کی آخری تاریخ15 فروری سے بڑھا کر 26 فروری 2024 کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف سکروٹنی کمیٹی کی سفارشات پر صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی نے رجسٹریشن تاریخ بڑھانے کی مدت میں 10 دن توسیع کی منظوری دیدی ہے۔