امریکی شہر کنساس میں فٹ بال ٹیم کی جیت کے جشن کے شرکا پر فائرنگ، ایک ہلاک ، 15 زخمی

کنساس سٹی (نیوز ڈیسک) امریکی شہر کنساس میں فٹبال لیگ کے سالانہ مقابلے سپر باؤل میں جیتنے والی ٹیم کے جشن کے اختتام پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ۔ فائرنگ سے جشن منانے والے شائقین کے ہجوم میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کنساس سٹی پولیس چیف سٹیسی گریوز نے ایک شخص کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیفس کے کھلاڑیوں نے اپنے حامیوں سے جس یونین سٹیشن پر خطاب کیا تھاسے چند گز کے فاصلے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ 10 سے 15 کے درمیان افراد زخمی ہو گئے۔
کنساس سٹی کے میئر کوئنٹن لوکاس اس تقریب میں وی آئی پیز میں شامل تھے جنہیں گولیاں چلنے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
پولیس چیف سٹیسی گریوز نےواقعے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو مسلح افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ حکام نے اے ایف پی کو بتایا کہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے ۔ پولیس نے کہا کہ گولیاں چلنے کے بعد شائقین میں جان بچانے کے بھگدڑمچ گئی ۔
پولیس کے مطابق فوری طور پر اس واقعے کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا پولیس نے حراست میں لئے گئے افراد سےآتشیں اسلحہ برآمد کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔یاد رہے کہ گزشتہ سال ٹیکساس رینجرز کی ورلڈ سیریز چیمپئن شپ کے قریب پارکنگ لاٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔سٹی چیفس کوارٹر بیک پیٹرک مہومس نے سوشل میڈیا پر لکھاکہ فائرنگ سے چند لمحے قبل میں اور میرے ساتھی سرخ لباس میں ملبوس شائقین کے سمندر کے ساتھ ملک کر لطف اندوز ہو رہے تھے۔
جشن میں شریک لاکھوں افراد نے تین کلومیٹر کے راستے پر ڈبل ڈیکر بسوں کے جلوس میں چیفس کے کھلاڑیوں کو سلامی پیش کی تھی ۔ اس دوران چیفس کے کھلاڑی کئی بار بسوں سے اترے اور مداحوں کے ساتھ سیلفیاں لیتے رہے پھر اچانک فائرنگ شروع ہو گئی۔