ڈاکٹر یاسمین راشد کا مسلم لیگ ن کو مشورہ، پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کو بھی خبردار کردیا
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد نے پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر ووٹ بیچا تو قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو کہنا چاہتی ہوں کچھ شرم ہوتی ہے، کچھ حیا ہوتی ہے، پہلے آپ لوگوں نے عوام کا پیسہ لوٹا اور اب آپ مینڈیٹ لوٹنا چاہتے ہیں، عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا اب قوم کے ووٹ کو عزت دو۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام پر وووٹ لینے والوں کو خبردار کرتی ہوں، اگر ووٹ بیچا تو قوم آپکو معاف نہیں کرے گی، ظلم کے خلاف ڈر کے ماحول میں جس طرح ووٹ دیا عوام کی مشکور ہوں، عمران خان کی آواز پر آپ سب بے بتایا کہ ہم زندہ قوم ہیں، میں آپ سب کی دل سے مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے بلے کا نشان چھینا گیا، کیمپین نہ کرنے دی گئی، پی ٹی آئی کا راستہ ہر طرح سے روکا گیا لیکن اس سب کے باوجود لوگوں نے محنت کی اور عوام نے خود سے امیدواروں کے نشان نام پتا کرکے انہیں ووٹ ڈالا، اس پر میں تحریک انصاف کے تمام ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں، جنہوں نے جیلوں میں اور جیلوں سے باہر مشکلات کاٹیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
قبل ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج محمد نوید اقبال نے کیس پر سماعت کی، جہاں دوران سماعت سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 65 ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان میں چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔