اورنج لائن ٹرین اور ملتان میٹرو بس کے کرایوں میں اضافے کی منظوری

نگران پنجاب حکومت نے فیڈر بسوں کے کرائے میں بھی 5 روپے کا اضافہ منظور کرلیا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کی نگران حکومت نے اورنج لائن ٹرین اور ملتان میٹرو بس کے کرایوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کرائے میں اضافے کی منظوری دے دی گئی، اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے کرائے میں پانچ روپے کا اضافہ کیا جائے گا، اسی طرح میٹرو بس ملتان کے کرائے میں بھی پانچ روپے کے اضافے کی منظوری دے دی گئی اور نگران پنجاب حکومت نے فیڈر بسوں کے کرائے میں بھی پانچ روپے کا اضافہ منظور کرلیا۔
بتایا گیا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس ملتان کے کرائے بڑھانے کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنایا گیا ہے، اس فیصلے سے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو اضافی کرائے کی مد میں 82 کروڑ 85 لاکھ روپے کی سالانہ آمدن ہوگی، تاہم میٹرو بس لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد کے کرائے نہیں بڑھائے جائیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس سے پہلے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میٹروبس اورسپیڈوبس سروس کے کرائے میں 15روپے اضافے کی سمری مسترد کردی تھی، اس وقت ان کا کہنا تھا کہ “ریونیو میں اضافے کیلئے نئے اور منفرد انداز سے کام کیا جائے”، اجلاس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی اور لاہور میں میٹروبس ٹریک کی تعمیر و مرمت کا حکم دیا، اجلاس میں لاہو ر ریلوے سٹیشن تاگرین ٹاؤن الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی، ورلڈ بینک کے تعاون سے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

بتایا جارہا ہے کہ پنجاب حکومت اسلام آباد راولپنڈی میٹرو بس سروس کیلئے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کرچکی ہے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹو بسیں چلانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے الیکٹر ک بس سروس کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا، محسن نقوی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنے کی منظوری دے دی اور کہا کہ عوام کو معیاری اورمحفوظ سفر کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔