سراج الحق نے بطور امیر جماعت اسلامی اپنے عہدے سے استعفا دے دیا

کوشش اور محنت کے باوجود الیکشن میں جماعت اسلامی کو مطلوبہ نتائج نہیں دلا سکا، الیکشن میں ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہورہا ہوں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق

لاہور ( نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ کوشش اور محنت کے باوجود الیکشن میں جماعت اسلامی کو مطلوبہ نتائج نہیں دلا سکا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ سراج الحق نے الیکشن میں اپنی محنت کے باجود ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے بطور امیر جماعت اسلامی اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔
قیصرشریف نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے جماعت کی امارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوں نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ بھر پور کوشش اور محنت کے باوجود الیکشن میں جماعت اسلامی کو مطلوب کامیابی نہیں دلا سکا۔ سراج الحق نے کہا کہ کارکنان نے بے انتہا محنت کی ہے اللہ تعالیٰ ان کی محنت کو قبول فرمائے۔
میں اس ناکامی کو قبول کرتے ہوئے جماعت کی امارت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔

قیصر شریف نے کہا کہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے شوری کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ مرکزی مجلس شوری کا اجلاس 17 فروری کو منصورہ لاہور میں ہوگا۔ شوری کے اجلاس کا آغاز صبح دس بجے ہوگا۔ مرکزی مجلس شوری میں اس صورت حال پر غور کیا جائے گا۔ دوسری جانب جماعت اسلامی نے نئے امیر کا انتخاب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، نئے امیر کیلئے سراج الحق ، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمن کے نام سامنے آئے ہیں، امیرجماعت اسلامی کا انتخاب ہر پانچ سال بعد دستور کے مطابق ہوتا ہے۔
صدر انتخابی کمیشن جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے امیر جماعت کے انتخاب کے پہلے مرحلے میں اراکین جماعت کی راہنمائی کے لیے تین ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں سراج الحق،لیاقت بلوچ،حافظ نعیم الرحمان کے نام امیدواروں میں شامل ہیں۔ اراکین جماعت اسلامی ان تین کے علاوہ بھی کسی رکن کو امیر جماعت کے منصب کے لیے اپنی رائے دے سکتے ہیں۔ امیر جماعت کے انتخاب کے تمام مراحل 31 مارچ 2024 تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ ماہ اپریل میں نئے امیر جماعت اسلامی اعلان ہو گا۔ جماعت اسلامی پاکستان کا الیکشن کمیشن صدر راشد نسیم دیگر ارکان بلال قدرت بٹ،سردار ظفر حسین، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور انجینئیر اخلاق احمد پر مشتمل ہے۔