مرکز کے لیے پاور شیئرنگ کا دو نکاتی فارمولا تیار

تین سال اور دو سال کا منصوبہ تیار کیا گیا ،پہلے مرحلے میں زیادہ سیٹوں والی ایک ایک پارٹی وزیراعظم تین سال رہے گا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب اور وفاق میں حکومت سازی کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم ، جے یو آئی ف کے مابین سیاسی اتحاد پر اتفاق کیا گیا ہے،مرکز کے لیے پاور شیئرنگ کا دو نکاتی فارمولا تیار کر لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تین سال اور دو سال کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں زیادہ سیٹوں والی ایک ایک پارٹی وزیراعظم تین سال رہے گا۔
دوسرے مرحلے میں دوسری پارٹی کا وزیراعظم دو سال کے لیے ہوگا۔پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے مریم نواز کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اتوار کی رات کو لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے اعلان کیا کہ عام انتخابات کے بعد کی صورتحال میں پاکستان کے استحکام کے لیے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں، ”ملکی مفاد اور بہبود کو ہر چیز پر مقدم رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔”اس میں مزید کہا گیا کہ دونوں جماعتوں کے قائدین نے موجودہ سیاسی منظر نامے اور ملک کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت کے حوالے سے ٹھوس بات چیت کی۔
مشترکہ بیان کے مطابق اتفاق رائے کے جذبے کی عکاسی کرتے ہوئے، ”رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایسے پائیدار سیاسی تعاون کے لیے ایک فریم ورک کے قیام کی اہمیت کو تسلیم کیا، جو قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں ایک مضبوط اور زیادہ متحدہ اندازِ فکر کی بنیاد رکھ سکے۔ ” بیان میں مزید کہا گیا کہ بات چیت کے اہم نکات میں پاکستان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ، مستقبل کی سیاسی حکمت عملیوں پر غور و خوض نیز سبھی کے استحکام اور فروغ کے لیے سفارشات کا تبادلہ شامل تھا۔ دونوں جماعتوں نے پاکستان کو ”سیاسی عدم استحکام سے نکال کر خوشحالی اور ابھرنے کی قوت کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔