’جاگیں اور دیکھیں عوام کی منشاء پر کیسے کھُلے عام ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے‘

سابق سینیٹر اور سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا چیف جسٹس پاکستان کو مخاطب کرکے پیغام

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سابق سینیٹر اور سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے عام انتخابات سے متعلق چیف جسٹس پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے پیغام جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ آئین کی پہلی سطور میں کہا گیا ہے “تمام کائنات کی حکمرانی خدا تعالی کے پاس ہے اور اقتدار عوام کی منشاء کے مطابق اُن کے منتخب کردہ نمائندوں کے ذریعے ہی کیا جائے گا اور یہ ایک مقدس فریضہ ہو گا”۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر مزید لکھتے ہیں کہ قاضی العدل صاحب! جاگیں اور دیکھیں کہ عوام کی منشاء پر کیسے کھُلے عام ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔


قبل ازیں اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اور 48 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ میں اپنی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں لیکن یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار علی بخاری کو حلقہ ۴۸ اسلام آباد کی سیٹ ہرا دی گئی ہے جب کہ وہ واضح جیتے ہوئے تھے اور جن موصوف کو نتیجہ بدل کر جتایا گیا ہے وہ دوڑ میں کہیں بھی نہ تھے، اسی طرح شعیب شاہین بھی حلقہ ۴۷ سے واضح برتری کے ساتھ جیت چکے ہیں لیکن نتائج ان کے بھی حوالے نہیں کیے جا رہے، یہ بدترین دھاندلی اور آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔