شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیاگیا

جیل میں تھا ، مجھے کچھ پتہ نہیں ملک میں کیا ہو رہا ہے،یہ میرا تیسرا چلہ ہے، الیکشن کمپین میں حصہ نہیں لیا،مجھے کچھ معلوم نہیں کہ اس وقت کیا ہو رہا ہے،رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیاگیا،شیخ رشید کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد انہیں رہا کیا گیا راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں جیل میں تھا ، مجھے کچھ پتہ نہیں ملک میں کیا ہو رہا ہے۔
یہ میرا تیسرا چلہ ہے،میں نے الیکشن کمپین میں حصہ نہیں لیا۔مجھے کچھ معلوم نہیں کہ اس وقت کیا ہو رہا ہے۔میں نے صرف اپنی دوستی نبھائی ہے کیونکہ میں پنڈی کا سپوت ہوں میرے خون میں غداری شامل نہیں ہے ۔
مجھے صرف دوستی نبھانے پر سزا دی گئی ہے ۔خیال رہے کہ آج صبح راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

شیخ رشید کیخلاف 9 مئی کے حوالے سے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی اور سماعت شروع ہوتے ہی وقفہ کر دیا گیا، وقفے کے بعد دوبارہ سابق وزیر داخلہ کی درخواست ضمانت پر سماعت شروع ہوئی۔دوربارہ سماعت شروع ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں کوئی پیش نہیں ہوا جبکہ شیخ رشید احمد کے وکلاءسردار عبدالرازق خان اور سردار شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔بعدازاں عدالت نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی اور پولیس کو ضمانتی مچلکے داخل کرانے پر شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔