راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں ”کشمیر یکجہتی واک، مباحثے “ کا انعقاد

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) راولپنڈی کی ویمن یونیورسٹی میں ”کشمیر یکجہتی واک “ کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں طالبات ،اساتذہ اورانتظامی عملے نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کشمیر کے بارے میں ایک مباحثے کا بھی انعقاد کیا گیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وومن یونیورسٹی میں ہونے والے اس پروگرام کے مہمان خصوصی کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین تھے۔
انہوں نے تنازعہ کشمیر کے پس منظر پر روشنی ڈالنے کے علاوہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی فوجیوں کے مظالم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تمام تر فوجی جارحیت کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی منصفانہ جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
شیخ عبدالمتین نے کہا کہ پاکستا ن مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے جو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی عالمی سطح پر بھر پور وکالت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی مسلسل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔ راولپنڈی وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر انیلہ کمال نے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 24کرورڑ عوام بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ شیخ عبدالمتین کو یونیورسٹی کی یادگار شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر دیگر کے علاوہ ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر باقر، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز مس خدیجہ اور چیئرمین میڈیا ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر نعمان انصاری بھی موجود تھے۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض پاکستان اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن محمد شوذب عسکری نے انجام دیے۔