حکومت نے 146 جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 146 جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دیدی گئی۔

کابینہ اجلاس میں کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی، یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تکنیکی استعداد میں اضافہ ہو گا۔

اس موقع پر پاکستانی ماہرِ نفسیات محمد سلیم خان ترین کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے ممبر آف برٹش ایمپائر کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دی گئی، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکو اٹلی سے گولڈ میڈل فار ایروناٹیکل میرٹ وصول کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کے لیے اقدامات اُٹھا رہی ہے، ادویات کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے ضروری قانون سازی کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ آئندہ منتخب حکومت ان سفارشات کو پارلیمنٹ میں پیش کر سکے۔

وفاقی کابینہ نے اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔