کمشنر راولپنڈی کا چیئرمین سویٹ ہوم پاکستان کے ہمراہ رکھ دھمیال قبرستان کا دورہ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے چیئرمین سویٹ ہوم پاکستان زمرد خان کے ہمراہ رکھ دھمیال قبرستان کا دورہ کیا۔ پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے رکھ دھمیال قبرستان کے لئے چار گاڑیوں کا تحفہ دیا گیا، جن میں ایک ایمبولینس، ایک میت وین اور میت کی تدفین کے لئے لواحقین کو قبرستان لانے کے لیے دو ہائی ایس شامل ہیں۔
اس موقع پرکمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ رکھ دھمیال قبرستان کی مکمل دیکھ بھال پاکستان سویٹ ہوم کرے گا،پاکستان سویٹ ہوم کو میونسپل کارپوریشن کی بلڈنگ میں قبرستان کی مینجمنٹ کے لیے دفتر فراہم کر دیا گیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ مستحق اور نادار لوگوں کے پیاروں کی تدفین مکمل طور پر پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے مفت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر سے تعلق رکھنے والے تمام شہریوں کو قبرستان کی سہولیات میسر ہوں گی جہاں وہ اپنے پیاروں کو عزت کے ساتھ دفن کرسکیں گے،رکھ دھمیال قبرستان 1000 کنال کے رقبے پر محیط ہے، قبرستان میں 200 کنال کرسچن سمیت دیگر کمیونٹی کے لوگوں کے لیے مختص کیا گیا ہے، قبروں کے ڈیجیٹل ریکارڈ کے لیے سسٹم ڈویلپ کیا جائے گا۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ رکھ دھمیال قبرستان میں پکی قبریں بنانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی ، پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ مل کر بورڈ تشکیل دیا گیا جو کہ قبرستان کی مینجمنٹ کرے گا، رکھ دھمیال قبرستان میں شجرکاری کاری مہم بھی کی جائے گی، پاکستان سویٹ ہوم پوری امانت داری کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے گا۔چیئرمین پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان نے کہا کہ لوگوں کے پیاروں کی تدفین کے لئے گاڑیاں مفت فراہم کی جائیں گی، مستحق افراد کے پیاروں کی تدفین کے لئے کفن ، قبر کی کھدائی، سلیب سمیت تمام لوازمات مفت فراہم کیے جائیں گے۔