لگتا ہے انکو بہت جلدی ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزا دی جائے،بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل حامد خان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی ٹرائل نہیں ہو رہا یہ زیادتی ہو رہی ہے۔ لگتا ہے انکو بہت جلدی ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزا دی جائے۔ جیل ٹرائل کے تمام اصولوں کو پامال کیا جا رہا ہے ۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی کہ عدالت کو کس کا حکم ہے جلد از جلد فیصلہ سنانا ہے۔
یہ سب قانون اورآئین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اور ہر طرح کے انصاف کے اصولوں کیخلاف ہے۔آئینی تقاضے پورے کئے جائیں، ہم عدالت کے سوا کس کے پاس جائیں،جو بھی جرم ہو مگر حق دفاع کا حق ختم نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلاءصرف ایک دن مجبوری کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے ایسی کون سی جلدی تھی کہ آپ حق دفاع کا حق ہی ختم کر دیں۔
عدالت کوئی حق حاصل نہیں ہے کہ بغیر ملزم کی مرضی کے آپ ڈیفنس کونسل کو مقرر کریں۔میں اپنے ساتھی وکلاءسے مشورہ کرکے اگلالائحہ عمل اپنائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی تھی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت میں طویل سماعت تیرہ گھنٹے سے زائد تک جاری رہی تھی۔
سائفر کیس میں مزید 11 گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کرلی گئی تھی، مجموعی طور پر تمام 25 گواہان پر جرح کا عمل مکمل کیا گیا تھا، گواہان پر جرح کے بعد ملزمان کے 342 کے بیانات ریکارڈ کرنے کیلئے سوالنامے تیار کرلئے گئے تھے۔سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی عدالت میں حاضر ہوئے تھے، انہوں نے کہاتھا کہ آپ کے سامنے حاضر ہوگیا ہوں، میری حاضری لگا لیں، اب یہ فکسڈ میچ چل رہا ہے، میں یہاں کیا کروں گا؟جس کے بعد سابق چیئرمین پی ٹی آئی عدالت سے واپس روانہ ہوگئے تھے۔