راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آسٹرون کالج نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما)کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں پرنسپل کنونشن کا انعقادکیا۔ کنونشن میں مرکزی نائب صدر ایپسما چوہدری فرقان، ایپسما شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان ،ضلعی صدر ایپسما ابرار احمد ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری ایپسما تحصیل راولپنڈی عدنان نثار،جنرل سیکرٹری ایپسما راولپنڈی آغاشہاب، عامر انور اور ڈاکٹر اطہر قسیم اور علی عزیر بٹ نے شرکت کی۔
آسٹرون کالج کے ڈائریکٹر اور پرنسپل ڈاکٹر دالدار علی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں آسٹرون کالج اور ٹارشیا ایجوکیشن سسٹم کے تعلیمی منصوبوں اور مختلف پروگراموں کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہم اساتذہ کی تربیت کے علاوہ بچوں کو تعلیم کے حوالے سے کونسلنگ بھی فراہم کررہے ہیں تاکہ بچوں کے تعلیمی مسائل کی تشخیص ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا حل تلاش کیا جاسکے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مستحق طلبا مالیاتی رکاوٹوں کی وجہ سے تعلیم سے دور نہ رہیں اس لئے آسٹرون کالج اور ٹارشیا اکیڈمی مستحق اور ضرورت مند طلبا کیلئے مختلف سکالرشپس دے رہے ہیں۔ پرنسپل پوسٹ گرایجویٹ ڈگری کالج راولپنڈی کے پرنسپل اطہر قسیم نے کہا ہے آسٹرون کالج اور ٹارشیا نے تعلیمی میدان میں بہت کم وقت میں اپنا مقام بنایا ہے جس کیلئے میں انہیں مبارک باد دیتا ہوں۔
انہوں نے ایپسما شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد کی تعلیمی شعبہ کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ابرار احمد ایک ایسا انسان ہے جو تعلیم کے شعبہ کی بہتری کیلئے ہمیشہ میدان میں نظر آیا ہے ۔ابراراحمد ایڈوکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ استاد کے کندھے پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ ایک طالب علم کے مستقبل کے راستہ کا تعین استاد کی ذمہ داری ہے۔
ایپسما شمالی پنجاب کے صدر ابراراحمد خان نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کی فراہمی میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ایپسما راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عدنان نثار نے آسٹرون کالج کی انتظامیہ کو پرنسپل کنونشن منعقد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آسٹرون کالج کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایپسما اس وژن کی تکمیل کیلئے ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔انہوں نے کہا کہ ایپسما اداروں کی بقا ہے۔ آپ ہمارے ساتھ چلیں ، ہم آپ کے ساتھ چلیں گے۔تقریب کے اختتام پر ایپسما کے عہدیداروں کو شیلڈز دی گئیں۔