موسم سرما کی پہلی برف باری

سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا

پشاور (نیوز ڈیسک) صوبہ خیبرپختونخوا میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے ساتھ ہی سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ترجمان خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کا کہنا ہے کہ برفباری کے بعد کالام، چترال، مالم جبہ، ناران کاغان، گلیات سمیت دیگر بالائی علاقے سفید چادر میں چھپ گئے جب کہ برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹورازم پولیس کے نوجوان تعینات ہیں، سیاح برف باری والے مقامات پر جانے سے قبل گاڑیوں میں چین کا استعمال کرنے کے علاوہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیاحتی مقامات پر موجودہ صورتحال سے آگاہ رہنے کیلئے سیاح ٹورازم ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کر سکتے ہیں، ٹورازم ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے فعال ہے۔
دوسری طرف پشاور میں بارش کی وجہ سےخشک سردی کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور اور گرد و نواح کے علاقے اندرون شہر، حیات آباد، کوہاٹ روڈ ودیگر شامل ہیں جہاں بوندا باندی سے خشک سالی کا تو خاتمہ ہوا لیکن سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، تاہم طویل دورانیہ سے بارش نہ ہونے اورشدید خشک سردی کے باعث شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا تھا، شہریوں کی بڑی تعداد خشک سردی سے ناک اور گلے کے امراض میں مبتلا ہو رہی تھی۔
موسم کا احوال بتانے والوں نے مزید کہا کہ ہنگو اور اورکزئی کے علاقوں میں بھی طویل خشک سالی کے بعد ہلکی بارش کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ پہاڑوں پر برف باری بھی ہورہی ہے، طویل خشک سردی کے بعد وادی نیلم میں بھی برفباری شروع ہو چکی ہے جس سے پہاڑوں نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھنا شروع کردی ہے، بارش اور برف باری سے موسم خوشگوار اور خنکی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔