احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی ریٹائرمنٹ تک رخصت کی درخواست مسترد

جج محمد بشیر کے رخصت پر جانے کے معاملے میں وزارت قانون و انصاف کی جانب سے ان کی درخواست منظور نہیں کی گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز سننے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی ریٹائرمنٹ تک رخصت کی درخواست مسترد کر دی گئی،جج محمد بشیر کے رخصت پر جانے کے معاملے میں وزارت قانون و انصاف کی جانب سے ان کی درخواست منظور نہیں کی گئی، جس کے بعد جج محمد بشیر نے ریٹائرمنٹ تک چھٹی کیلئے دی گئی اپنی درخواست واپس لے لی۔
جج محمد بشیر نے طبیعت کی ناسازی کے باعث 24 جنوری سے14 مارچ تک رخصت کی درخواست دی تھی۔ جج محمد بشیر کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 2 ریفرنسز زیر سماعت ہیں جب کہ جج محمد بشیر مدت ملازمت مکمل ہونے پر 14 مارچ2024ء کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ تک میڈیکل لیو کیلئے درخواست دی تھی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات سننے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے چند روز قبل اپنی ریٹائرمنٹ تک میڈیکل لیو مانگی تھی جس کی وجہ انہوں نے طبیعت کی خرابی کو بیان کیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی طبیعت کی ناسازی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ جج محمد بشیر نے 24 جنوری سے 14 مارچ تک چھٹیوں کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ اور وزارت قانون انصاف کو خط لکھ تھا ، جج محمد بشیر کی جانب سے لکھا گیا خط ہائی کورٹ اور وزارت قانون انصاف کو موصول ہوگیا تھا۔ جج محمد بشیر نے اپنی درخواست میں لکھا تھا کہ طبعیت کی ناسازی کے باعث ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتا۔ احتساب عدالت کے جج بشیر بانی و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاونڈ کرپشن کیس کی سماعت کررہے تھے۔ جج محمد بشیر عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کررہے ہیں۔