نیب نے شکایات پر کارروائی کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نیب نے اصلاحات کے پہلے مرحلہ میں شکایات پر فوری کارروائی کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے گئے۔ قواعد و ضوابط کے مطابق گمنام، ناقص اور غیر سنجیدہ درخواستوں پر کوئی کارروائی نہیں ہو گی، جھوٹے درخواست دہندگان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی، شکایات پر کارروائی کے دوران الزام علیہ کو”جواب دہندہ“ کے طور پر مخاطب کیا جائے گا، جواب دہندگان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

آئین پاکستان کے مطابق ان کی عزت نفس مجروح نہیں کی جائے گی، درخواست دہندہ کیلئے قواعد وضوابط وضع کر دیئے گئے، عائد کئے گئے الزامات کی تصدیق کیلئے حلف نامہ دینا ہو گا، سرکاری ملازمین کے خلاف تحقیقات کیلئے متعلقہ سول سیکرٹریٹس میں احتساب سہولت سیل قائم ہوں گے۔

قواعد و ضوابط پر پوری نہ اترنے والی اب تک نیب کو موصول درخواستیں بہت جلد نمٹا دی جائیں گی، درخواستیں بلا تاخیر نمٹانے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز اور ریجنل بیوروز میں شکایات سیل قائم کردیئے گئے، کاروباری افراد کے خلاف درخواستوں کے لئے چیمبر آف کامرس، کاروباری تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل سیل قائم ہوں گے۔

نیب ہیڈ کوارٹرز میں گریڈ 20 اور ریجنل بیوروز میں گریڈ 19 کے افسروں کی سربراہی میں شکایات سیل قائم ہوں گے، شکایت پر کسی خاتون کو رشتہ دار کے بغیر نیب آفس نہیں بلایا جائے گا، رشتہ دار نہ ہونے پرنیب کی خاتون آفیسر انکوائری کرے گی۔

قواعد و ضوابط میں جواب دہندگان سے شکایات پر کارروائی سے متعلق فیڈ بیک لینے کا طریقہ کار بھی وضع کر دیا گیا۔