الیکشن سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں7 روپے اضافے کا امکان

نگران حکومت کی جانب سے 31 جنوری سے تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا، تیل کی قیمتوں میں ردوبدل اوگرا کی تجویز کے مطابق کیا جائے گا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے 31 جنوری سے 15 فروری تک کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا، اکتیس جنوری سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے، تاہم اوگرا نے ابھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق کوئی تجویز نہیں بھیجی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل اوگرا کی تجویز کے بعد کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے میں مشرق وسطیٰ میں حوثی باغیوں کے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملے ہوئے، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑے گا۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ کم ہونے پر پاکستان میں بھی قمیتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل بڑھنے کے بعد ایک ہزار 400 روپے کی کمی ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 800 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 200 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 83 ہزار300 روپے ہوگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت فی اونس 12 ڈالر کمی ہوئی ہے۔ اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔ گزشتہ روز ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 15ہزار200 روپے پر برقرار رہی، اسی طرح دس گرام سونے کے بھاؤ ایک لاکھ 84 ہزار500 روپے پر مستحکم رہے ۔