پرامن سیاسی وانتخابی سرگرمیوں کا حق ہمیں دستور دیتا ہے، عمران خان کی قیادت میں ملک وقوم کو حقیقی آزادی دلوائیں گے، ترجمان تحریک انصاف
لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے اتوار کو ملک بھر میں باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا۔ ایکس پر ترجمان پی ٹی آئی کے جاری بیان کے مطابق انتخابات سے قبل کھلے عام عوام میں جانے اور باہر نکل کر انتخابی مہم چلانے کے معاملے پر ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم اور امیدواران اتوار کو ملک بھر خصوصاً پنجاب میں اپنی باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، بانی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں تحریک انصاف کی قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار اپنی پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے، قوم اڈیالہ جیل میں بےگناہ قید اپنے لیڈر اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔
قومی انتخابات پر جبروفسطائیت اور بدترین دھاندلی کے گہرے بادلوں کے باوجود تحریک انصاف جمہوری انداز میں ملک کو دستورو قانون کیطرف لے جانے کی کوششیں کررہی ہے، عوام کے حقِ رائے دہی پر ڈاکے کی تمام تر کوششیں عوام کی تائید و معاونت سے ہی کامیاب بنائیں گے، پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا حق ہمیں دستور دیتا ہے، ریاستی مشینری آئین کا احترام کرے جبکہ عدالتِ عظمیٰ دستور کی بالادستی کو یقینی بنائے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ خوف اور غلامی کے بت توڑ کر نکل رہے ہیں، عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کو حقیقی آزادی دلوائیں گے۔دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مال روڈ پر پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے 7 رہنما ﺅں کو اشتہاری قرار دیدیا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دئیے گئے رہنماﺅں میں مراد سعید، اعظم خان سواتی، زبیرنیازی، حافظ فرحت ، واثق قیوم ، امتیاز شیخ ،حامد رضا شامل ہیں۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پولیس کی درخواست پر کارروائی کی، پولیس کا مقدمے میں موقف ہے کہ ملزمان نے خود کو روپوش کررکھا ہے۔ تمام ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے اشتہار بھی شائع کئے گئے مگر وہ مسلسل پیش نہیں ہو رہے، ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں، ملزمان 9 مئی کو جناح ہاوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے میں ملوث ہیں۔
ملزمان 9 مئی کو جناح ہاوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے میں ملوث ہیں۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماﺅں مراد سعید، اعظم سواتی اور حماد اظہر سمیت 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کردئیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے 18 اشتہاری رہنماوں کے شامل تفتیش اور انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش نہ ہونے پر شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر نادرا نے 9 اور 10 مئی کے مقدمات کے اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کردئیے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ تمام ملزمان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے اور شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے۔