انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج نوید اقبال نے سماعت کی، ملزمان روپوش ہیں، اشتہار بھی شائع کئے گئے مگر وہ پیش نہیں ہو رہے، پولیس کا مقدمے میں موقف
لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مال روڈ پر پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے 7 رہنما ﺅں کو اشتہاری قرار دیدیا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دئیے گئے رہنماﺅں میں مراد سعید، اعظم خان سواتی، زبیرنیازی، حافظ فرحت ،واثق قیوم ،امتیاز شیخ ،حامد رضا شامل ہیں۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پولیس کی درخواست پر کارروائی کی،پولیس کا مقدمے میں موقف ہے کہ ملزمان نے خود کو روپوش کررکھا ہے۔ تمام ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کوبتایاکہ ملزمان کے اشتہار بھی شائع کئے گئے مگر وہ مسلسل پیش نہیں ہو رہے، ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں، ملزمان 9 مئی کو جناح ہاوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے میں ملوث ہیں۔
ملزمان 9 مئی کو جناح ہاوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے میں ملوث ہیں۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماﺅں مراد سعید، اعظم سواتی اور حماد اظہر سمیت 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کردئیے گئے تھے۔پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے 18 اشتہاری رہنماوں کے شامل تفتیش اور انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش نہ ہونے پر شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر نادرا نے 9 اور 10 مئی کے مقدمات کے اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کردئیے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تمام ملزمان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے اور شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھاجس کے دوران گاڑی سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا تھا۔ ایس پی ورسک ارشد خان کے مطابق 9 اور 10 مئی واقعات پر مراد سعید کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔
مراد سعید کو پناہ دینے اور گرفتاری کیلئے چھاپے کے دوران 2 گاڑیاں تحویل میں لی گئیں تھیں جن میں سے ایک گاڑی مراد سعید کے نام پر رجسٹرڈ ہے جب کہ دوسری گاڑی مراد سعید کے برادر نسبتی کے نام پر رجسٹرڈ تھی ۔ مراد سعید کی گاڑی سے بغیر لائسنس پستول اور کارتوس برآمد کیے گئے ہیں جب کہ دوسری گاڑی سے 2 کلاشنکوف اور 7 کارتوس برآمد ہوئے تھے۔ ایس پی وردک نے مزید بتایاکہ متعلقہ گھر میں مراد سعید کے 2 ملازم بھی موجود تھے۔