اسلحہ لے کر نکلنے اور ہوائی فائرنگ پر پابندی ہوگی، 8فروری کو انتخابات میں سکیورٹی خطرات کی اطلاعات ہیں، دفعہ 144 کا نفاذ 12 فروری تک رہے گا
لاہور(نیوز ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے تحت دفعہ 144کے تحت اسلحہ لے کر نکلنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، ہوائی فائرنگ پر پابندی ہوگی جبکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کاروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی بھی دفعہ 144 کے ذمرے میں آئے گی۔
آٹھ فروری کو انتخابات میں سکیورٹی خطرات کی اطلاعات ہیں، دہشتگردی اور امیدواروں میں لڑائی جھگڑے ہونے کے خدشات ہیں، حکومت پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ 12 فروری تک کیا گیا ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے ملک بھر کے تمام بلدیاتی محکموں کے ترقیاتی فنڈز منجمد کر دئیے ہیں، بلدیاتی محکموں کے ترقیاتی فنڈز عام انتخابات کے نتائج کے اعلان تک منجمد کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں کسی بھی بلدیاتی ترقیاتی اسکیم کا نہ تو اعلان کیا جائے گا اور نہ ہی اس پرکوئی کام کیا جائے گا۔ مقامی حکومتیں اور کنٹونمنٹ بورڈز عام انتخابات کے نتائج تک ٹینڈرز بھی نہیں دیں گے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پورے ملک میں مقامی حکومتیں صرف سینی ٹیشن اور صفائی کے روز مرہ امور سرانجام دیں گی تاہم کسی بلدیاتی ترقیاتی اسکیم کا نہ اعلان کیا جائے گا اور نہ ہی اس پر کام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کردی تھی جس کا اطلاق وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں پرکیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے وفاق سمیت چاروں صوبوں کی نگراں حکومتوں کو مراسلہ جاری کردیا تھا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزراء، مشیروں اور معاونین سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کا حکم دے دیا تھا جبکہ اراکین اسمبلی سے بھی سرکاری گاڑیاں واپس لینے اور رہائش گاہیں خالی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔