سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈومیسٹک پروازوں کے مسافروں پر ’ائرپورٹ چارجز‘ مقرر کر د ئیے
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اندرون ملک سفر کرنے والے ہر مسافر کواب 100 روپے فیس دینی ہوگی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈومیسٹک پروازوں کے مسافروں پر ’ائرپورٹ چارجز‘ مقرر کر د ئیے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق ا ئیر لا ئنز مسافروں سے چارجز وصول کر کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دیں گی۔
سول ایوی ایشن کا نیا ہدایت نامہ تمام ائرلائنز کو بھی موصول ہو گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں سے چارجزکی وصولی کا حکم نامہ 15جنوری سے نافذالعمل ہوچکا ہے۔ ماضی میں یہ چارجز سیکورٹی چارجزکے نام پروصول کئے جاتے تھے۔ دریں اثناءپاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیراہتمام 41 ویں ای کچہری 22 جنوری کو منعقد ہو گی ۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) خاقان مرتضیٰ ای کچہری کی صدارت کریں گے اور فضائی مسافروں سے شکایات سنیں گے۔ واضح رہے کہ نگران وزیراعظم اور وزارت شہری ہوا بازی کی ہدایت پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی تمام فضائی مسافروں کی شکایات کے ازالہ کے لئے ای کچہری کا باقاعدگی سے انعقاد کر رہی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے اس حوالے سے تمام مسافروں سے درخواست کی ہے کہ ای کچہری کے دوران اپنی شکایات ای میل یا کمنٹ کے ذریعے جلد از جلد بھجوائیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ای کچہری سول ایوی ایشن کے آفیشل سماجی رابطہ کی ویب سائٹ اور فیس بک اکاونٹ پر براہ راست منعقد ہو گی ۔ تمام فضائی مسافر شرکت کےلئے اپنے کوائف، ایئرپورٹ کا نام اور ٹکٹ کی تفصیلات بھی جلداز جلد بھجوائیں تاکہ ان کی شکایات کا فوری طورپرازالہ کیا جا سکے۔