آج صبح پاکستان نے ایران میں اسٹرائکس کیں، حملوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا

حملے ڈرونز، راکٹوں اور جدید ہتھیاروں سے کئے گئے، مسلح افواج دہشتگردی کی کارروائیوں کیخلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔آئی ایس پی آر

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 18 جنوری کی صبح پاکستان نے ایران میں اسٹرائکس کیں۔حملوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ان دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں کی جو پاکستان میں حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آج صبح پاکستان نے ایران کے اندر اُن ٹھکانوں کے خلاف موثر حملے کیے جو پاکستان میں حالیہ حملوں کے ذمہ دار دہشتگردوں کے زیر استعمال تھے ۔
بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشتگرد تنظیموں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا،کوڈ کا نام ’’مرگ بر سرمچار‘‘ تھا، حملے ڈرونز، راکٹوں اور جدید ہتھیاروں سے کئے گئے، کولیٹرل نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج دہشتگردی کی کارروائیوں کیخلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہم پاکستانی عوام کی حمایت سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو شکست دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

قبل ازیں ایک بیان میں ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کے ٹھوس شواہد پر مبنی کئی ڈوزئیرز ایران کے ساتھ شئیر کئے، پاکستان کے اظہار تشویش کے باوجود سرمچاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، کارروائی نہ ہونے کے باعث سرمچار معصوم پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح ہونے والی کارروائی پاکستان نے قابل بھروسہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی، آج کی کارروائی پاکستان کی جانب سے قومی سلامتی کو تمام خطرات سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار ہے، آج کا انتہائی پیچیدہ آپریشن پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اظہار ہے، کارروائی تمام خطرات کے خلاف اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کے غیرمتزلزل عزم کی عکاس ہے، پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔