عمران خان نے 9مئی کے 12مقدمات میں تفتیش ٹیم کے سوالات کے جواب دیدئیے

پولیس کی تحقیقاتی ٹیم میں تمام مقدمات کے تفتیشی افسران تحریری سوالنامے لے کر اڈیالہ جیل پہنچے

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 9مئی کے 12مقدمات میں توڑ پھوڑ،جلاﺅ گھیراﺅکے کیس میں پولیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی )کو متعدد سوالات کے جواب دے دئیے ہیں۔ تفتیش کا دوسرا دور کل صبح ہونے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی پولیس کی قائم کردہ جے آئی ٹی ٹیم کنوینئر کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی، ٹیم نے 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراو سے متعلق مختلف تھانوں میں درج 12 مقدمات میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے تحقیقات کیں۔
پولیس کی تحقیقاتی ٹیم میںتمام مقدمات کے تفتیشی افسران تحریری سوالنامے لے کر اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں دوران تفتیش ان سے مختلف سوالات پوچھے گئے جن میں متعدد سوالوں کے جواب عمران خان نے تحقیقاتی ٹیم کو دئیے۔
تفتیش کا پہلا دور مکمل ہونے پرجے آئی ٹی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔جے آئی ٹی تفتیشی ٹیم اپنی رپورٹ کل انسداد دہشت گردی عدالت پیش کرے گی۔

گزشتہ روز نو مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری اڈیالہ جیل میں ڈالی گئی تھی۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا سانحہ 9 مئی کے 12 کیسز میں 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے فیصلہ سنا یا، عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سانحہ 9 مئی کے 12کیسز میں 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا ، پولیس نے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، وکلائصفائی کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی تھی۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی واقعات کے 12 مقدمات درج ہیں۔ جن کی تفتیش کیلئے عدالت نے جسمانی ریمانڈ منظور کیا ، تمام تھانوں کی تفتیشی ٹیمیں ایک ساتھ اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کرسکیں گی۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نہیں لے جایا جاسکے گا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی نے 11جنوری کو مکمل تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔مقدمے کی مزید سماعت 11جنوری کو صبح 10 بجے دوبارہ اڈیالہ جیل میں ہوگی۔خیال رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کیے گئے تھے۔