مشاورت مکمل ‘ پورے پاکستان سے امیدواروں کی ٹکٹوں کا اعلان ایک ساتھ ہوگا، بیرسٹرگوہر

حق دارامیدوار کو ٹکٹ ملے گا، 8 فروری کو پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت سے جیتے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کل ٹکٹوں کا اعلان کریں گے، پورے پاکستان کے امیدواروں کا اعلان ایک ساتھ ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا، پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرنے والا نشان بلا ہے، الیکشن کمیشن نے ناجائزطور پر بلےکا نشان چھین لیا تھا کیوں کہ کسی سے انتخابی نشان لینے کی الیکشن کمیشن کے پاس آئین میں کوئی گنجائش نہیں، ہم نے جس طرح الیکشن کرائے کبھی کسی جماعت نے نہیں کرائے تھے۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ کل ہم ٹکٹوں کا اعلان کردیں گے، پاکستان کے ہر حلقے میں امیدوار کھڑا کریں گے، حق دارامیدوار کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ ملے گا، پورے پاکستان کے امیدواروں کا اعلان ایک ساتھ ہوگا اور 8 فروری کو پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت سے جیتے گی۔
علاوہ ازیں پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، عدالتی فیصلے کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم کیا جاچکا ہے اور چیئرمین شپ بھی بحال ہوگئی ہے، عدالت نے پی ٹی آئی کو ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا نشان واپس مل گیا، اب پی ٹی آئی کو الیکشن جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دے دیا ہے، الیکشن کمیشن نے غیرقانونی طریقے سے بلے کا نشان چھینا تھا، پشاور ہائیکورٹ نے قانون کے مطابق فیصلے کی روایت قائم کی ہے، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کچھ نہیں رہ جاتا، الیکشن کمیشن آف پاکستان ہمارا مخالف بن گیا ہے، 15 منٹ میں بلے کا نشان ویب سائٹ پر نہ ڈالا گیا تو توہین عدالت ہوگی۔
خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا ہے جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا نشان واپس مل گیا کیوں کہ پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کا بلے کا انتخابی نشان بحال کردیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے الیکشن کمیشن کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔