آپ کو کوئی حق نہیں آپ پی ٹی آئی یا ان کے وکلاء کی تضحیک کریں، ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کر رہے ہیں، شیر افضل مروت
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں مل سکتا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر شیر افضل مروت نے چیف جسٹس آف پاکستان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعوٰی کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیف جسٹس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔
جمعرات کے روز عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف سمجھتی ہے موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں مل سکتا، فاضل چیف جسٹس سمجھتے ہیں ملک میں امن و آشتی ہے۔ فاضل چیف جسٹس کا تحریک انصاف کے وکلاء کے ساتھ رویہ توہین آمیز ہے، آپ کو کوئی حق نہیں آپ پی ٹی آئی یا ان کے وکلاء کی تضحیک کریں، تحریک انصاف چیف جسٹس کی رویے کی مذمت کرتی ہے، ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کر رہے ہیں۔
شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا کہ چیف جسٹس تحریک انصاف کے دور میں دائر کیے گئے ریفرنس کا بغض نہیں نکال سکے ہیں۔ ہم نے قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس بننے پر مبارک باد دی تھی، ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن پی ٹی آئی توہین برداشت نہیں کرسکتی۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف کے 12 سو کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں لیکن ہمارے کیسز کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ نے عمیر نیازی کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا لیکن آر اوز کے کنڈکٹ پر نوٹس نہیں لیا جا رہا، ہمارے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کو اغواء کیا جا رہا ہے۔ سینیئر نائب صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے آج تک ہمیں کوئی ریلیف نہیں ملا بلکہ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو ضمانت کسی اور بینچ سے ملی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت ہم پر احسان نہیں ہمارا حق ہے۔ شیر افضل مروت نے مطالبہ کیا کہ بہتر ہوگا تحریک انصاف کے کیسز کے لیے علیحدہ بینچز بنائے جائیں۔