کورونا کے نئے ویرینٹ کا پاکستان میں پھیلاؤ کا خطرہ کم ہے، لیکن احتیاط ضروری ہے، سردیوں میں کورونا یا فلو جیسی بیماریوں سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال کیا جائے۔ نگران وزیرصحت ندیم جان
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگران وزیرصحت ندیم جان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک نئے ویرینٹ جے این 1 کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، کورونا کے نئے ویرینٹ کے پھیلاؤ کا خطرہ کم ہے ، لیکن احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کچھ ممالک میں کورونا کا نیا ویرینٹ جے این 1، اومیکرون رپورٹ ہوا ہے، وزارت صحت مسلسل صورتحال کی مانیٹرنگ کررہی ہے، پاکستان میں ابھی تک جے این 1 کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،اومیکرون کورونا کا ذیلی وائرس ہے، جو کچھ ممالک میں پایا گیا، پاکستان میں پھیلاؤ کا خطرہ کم ہے ، لیکن احتیاط ضروری ہے۔
انٹرنیشنل ریگولیشنز کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں، محکمہ صحت کے صوبائی اور علاقائی اداروں کو ٹیسٹنگ بڑھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
نگران وزیرصحت نے کہا کہ سردیوں میں کورونا یا فلو جیسی بیماریوں سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال کیا جائے۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران کورونا کے 16 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
قومی ادارہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا کے ملک بھر میں 16 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے این آئی ایچ کا بتانا ہے کہ ملک بھر میں 3 ہزار 609 کورونا ٹیسٹ 24 سے 30 دسمبر تک کیے گئے۔ واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 41 ممالک میں کورونا کے نئے ویرینٹ جے این ون کے کئی کیسز سامنے آچکے ہیں۔ مزید برآں حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے پر عازمین حج کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی عالمی وباء کورونا کی نئی قسم جے این ون کے نئے کیس سامنے نہیں آئے تاہم عازمین حج کی ویکسی نیشن کی جائے گی، جس کے لیے حکومت بین الاقوامی دواساز ادارے فائزر سے نئی کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکہ، چین، بھارت، کینیڈا، فرانس اور جرمنی سمیت 45 سے زائد ممالک میں جے این ون کے کیس سامنے آرہے ہیں، تاہم پاکستان میں لوگ اب تک اس ویریئنٹ سے محفوظ ہیں۔