ڈیوس کپ ٹائی: بھارت نے ویزوں کیلئے پاکستان سے رابطہ کر لیا

اسلام آباد: (سپورٹس ڈیسک) بھارت نے ڈیوس کپ ٹائی کے سلسلے میں ویزوں کے حصول کیلئے پاکستان ٹینس فیڈریشن سے رابطہ کیا ہے۔ ڈیوس کپ ٹائی کیلئے بھارت نے 18 نام پاکستان ٹینس فیڈریشن کو بھجوائے ہیں، ویزوں کیلئے بھارتی فہرست میں 7 پلیئرز اور 11 آفیشلز شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت پٹیل سمیت 7 کھلاڑیوں کے نام ویزوں کیلئے دیے گئے ہیں جبکہ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر انیل کمار جین بھی وفد میں شامل ہیں، اس کے علاوہ انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سمیت دیگر عہدیداران بھی ویزوں کے حصول کے خواہشمند ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان دو روزہ ٹائی 3 فروری سے اسلام آباد میں کھیلی جانی ہے، قبل ازیں آئی ٹی ایف نے بھارت کی ٹائی نیوٹرل مقام پر کروانے کی اپیل مسترد کر دی تھی۔