الیکشن کمیشن نے فواد حسن فواد سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ حقائق سے واضح ہے درخواست گزار کا فواد حسن فواد سے متعلق رویہ متعصبانہ ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ فواد حسن فواد سابقہ حکومتوں میں اہم پوزیشنز پر رہے، ان کی سیاسی وابستگی ہونا محض الزام ہے جس کے کوئی ٹھوس شواہد نہیں۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ فواد حسن فواد کے پاس نجکاری کا قلمدان ہے جس کا الیکشن عمل سے کوئی تعلق نہیں، فواد حسن فواد الیکشن عمل پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کا مؤقف کہ فواد حسن فواد کو سیاسی وابستگی پر اہم عہدے ملے، بے بنیاد اور ناقابل قبول ہے، سرکاری افسر کو اپنی کارکردگی پر اہم پوزیشن میرٹ پر ملتی ہے، درخواست گزار کے دلائل ہمیں آمادہ نہ کر سکے، درخواست مسترد کرتے ہیں۔