ای سی پی کی جانب سے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دے دیے گئے، عبوری فیصلہ جاری کر دیا گیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بلے کے انتخابی نشان سے محروم کر دیا، ای سی پی کی جانب سے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دے دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت 5 رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔ بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فی الحال پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا عبوری فیصلہ جاری کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف پارٹی آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کروانے میں ناکام رہے، لہذا انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیے جاتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دے کر تحریک انصاف کو بلے کے انتخابی نشان سے بھی محروم کر دیا ہے۔ یوں اب پی ٹی آئی آئندہ عام انتخابات میں بلے کا انتخابی نشان استعمال نہیں کر سکے گی۔ تاہم تحریک انصاف کے پاس الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حق موجود ہے۔ اس حوالے سے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابی نتائج الاٹ کرنے کا عمل 10 جنوری تک جاری رہے گا، اس دوران تحریک انصاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتی ہے۔
یہاں واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے گزشتہ روز تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ سنایا گیا تھا، جس میں الیکشن کمیشن کو حکم دیا گیا تھا کہ 22 دسمبر تک تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کا فیصلہ سنایا جائے۔