صدر علوی اور ایرانی ہم منصب رئیسی میں ٹیلیفونک رابطہ، غزہ سمیت اہم امور پر گفتگو

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور ایرانی ہم منصب صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ 

اس موقع پر پاکستانی اور ایرانی صدور نے خطہ بالخصوص غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ پاکستانی اور ایرانی صدور نے دو طرفہ اقتصادی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں قتل عام روکنے کیلئے اسلامی ممالک کی مربوط کوششوں پر زور دیا۔ 

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ غزہ سمیت مقبوضہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل جنگ بندی کرانے اور اسرائیلی مظالم کو روکنے میں ناکام رہی۔ 

 صدر مملکت نے کہا کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست پر مبنی مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل دیرپا امن کیلئے اہم ہے۔ صدر نے جموں و کشمیر تنازعہ پر اصولی موقف اور فلسطینی کاز کی حمایت پر ایرانی قیادت کو سراہا۔

صدر مملکت نے ایرانی پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ایران سے مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ جبکہ پاکستانی اور ایرانی صدور نے باہمی اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔