کراچی، شارع فیصل پر عمارت میں لگی آگ بجھا دی گئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

شارع فیصل پر عمارت میں لگی آگ پر فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں نے تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا، عمارت کی چھت پر جانے والے تین افراد کو بھی ریسکیو کرلیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق شارع فیصل پر تجارتی عمارت میں آگ کی اطلاع پر ابتدائی طور پر دو گاڑیاں روانہ کی گئیں لیکن فائر فائٹرز نے مزید مدد طلب کی جس کے بعد مجمجوعی طور پر پانچ فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ 

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی چھت پر بھی تین افراد پھنس گئے تھے جنھیں بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

حکام کے مطابق آگ چھٹی منزل پر لگی جبکہ دھوئیں کے باعث بالائی منزلیں بھی متاثر ہوئیں اور فائر فائٹرز کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 

عمارت میں تین منزلیں پارکنگ پر مشتمل ہیں جبکہ باقی پر دفاتر قائم ہیں۔ 

واقعے کے بعد میئر کراچی مرتضی وہاب بھی موقع پر پہنچ گئے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمارت میں اے سی کولنگ کے سسٹم کی وائرنگ میں آگ لگی۔

میئر کراچی نے بتایا کہ کہا کہ آگ پر قابو پالیا گیا، آٹھویں، نویں اور دسویں فلور تک دھواں موجود ہے، عمارت میں پھنسے افراد کو بھی ریسکیو کرلیا گیا، تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انہوں نے بتایا کہ اس عمارت کا چند روز قبل ہماری ٹیم نے معائنہ بھی کیا تھا عمارت میں واٹر ہائیڈرنٹ موجود ہے ۔