نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اگست 2021 میں کم از کم 16 افغان شہریوں نے پاکستان میں خودکش حملے کیے، جب بھی افغان حکومت سے سیکیورٹی مسائل پر بات کی جواب ملا کہ اپنے معاملات درست کریں۔
برطانوی اخبار میں خصوصی تحریر میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم اپنے معاملات درست کریں گے، پاکستان میں گزشتہ دہائیوں میں آئرلینڈ کی آبادی کے برابر تارکین وطن آ چکے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید لکھا کہ ہم نے فراخدلی سے تارکین وطن کی اتنی بڑی تعداد کو سنبھالا، مہمان نوازی پاکستان کے ڈی این اے میں شامل ہے، بہت سے غیر قانونی لوگ بلیک مارکیٹ میں کام کرتے ہیں، ٹیکس نہیں دیتے، یہ لوگ انڈر ورلڈ کے استحصال کا شکار بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی پالیسی سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط معلومات کی بھرمار ہے، غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا پر پاکستانی پالیسی پر بے بنیاد الزامات کی بھرمار ہے، اتنی تعداد میں غیر قانونی تارکین کو قیام کی اجازت دے کر قومی سلامتی پر مزید سمجھوتا نہیں کر سکتے، ہمارا مقصد پاکستان کو محفوظ، پر امن اور خوشحال بنانا ہے۔