پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور سینیٹر وقار مہدی کا کہنا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات میں ووٹرز پیپلز پارٹی کے مخالفین کو دھول چٹائیں گے۔
ایک بیان میں سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی میں بڑی پارٹی بن کر سامنے آ رہی ہے، 1970ء کے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی 15 میں سے 9 نشستیں جیتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے اپنے دوست اور دشمن کو پہچان لیا ہے، ہر انتخابات میں پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنائے جاتے ہیں، پیپلز پارٹی کے مخالفین اس بار پھر بدترین شکست سے دوچار ہوں گے۔
وقار مہدی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو آئے گا روزگار لائے گا، عوام کا مقبول نعرہ بن چکا ہے، ملک کے ہر گلی، محلے میں وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری کے نعرے لگ رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ ملک کو درپیش بحرانوں کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، وفاق کی علامت صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے، کسی کو متفقہ اٹھارویں ترمیم کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتخابات کے بعد نواز شریف کا مجھے کیوں نکالا کے بعد مجھے کیوں بلایا کا بیانیہ آئے گا۔