امریکا کے وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ روز پاکستان میں ہوئے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنانے میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ متاثرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 27 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے، خودکش دھماکے اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پاک فوج کے 25 جوان شہید ہوئے تھے۔