پاکستان کا افغانستان سے احتجاج، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

درابن حملہ: پاکستان کا افغانستان سے احتجاج، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے دہشت گروپوں، ان کی قیادت اور پناہ گاہوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

سیکریٹری خارجہ نے افغان عبوری حکومت کے ناظم الامور کو طلب کیا اور بتایا کہ درابن میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پو حملے کی ذمے داری تحریک جہاد پاکستان نے قبول کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے افغان ناظم الامور کو بتایا کہ تحریک جہاد پاکستان دہشت گرد گروپ ٹی ٹی پی سے وابستہ ہے۔

پاکستان نے افغان ڈپلومیٹ کے روبر دہشت گرد حملے میں 23 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت اور کئی زخمیوں پر احتجاج کیا اور کہا کہ یہ احتجاج افغان عبوری حکومت کو فوری پہنچایا جائے۔

سیکریٹری خارجہ نے احتجاج کے دوران کہا کہ افغان عبوری حکومت کھلے عام دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرے اور حالیہ حملے کے مجرموں کے خلاف فوری سخت کارروائی کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ کابل حکومت دہشت گروپوں ان کی قیادت اور پناہ گاہوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

سیکریٹری خارجہ نے افغان ناظم الامور سے کہا کہ افغان عبوری حکومت افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے اقدامات کرے، آج کا دہشت گرد حملہ خطے کے امن اور استحکام کےلیےدہشت گردی کے خطرے کی یاد دہانی ہے۔

دفترخارجہ نے افغان نمائندے سے کہا کہ ہم نے اجتماعی قوت کے ساتھ اس دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینا ہوگی، پاکستان اپنی سطح پر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں پورے عزم سے کھڑا ہے۔