شمالی کورین سربراہ ملکی آبادی میں کمی پر پریشان، خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ

پیانگ یانگ: (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے ملک کی آبادی میں کمی پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اپیل کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیانگ یانگ میں ماؤں کیلئے خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے ملک میں شرح پیدائش میں کمی کو روکنے کیلئے خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اپیل کی ہے۔

کم جونگ اُن کی تقریب سے خطاب کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے ملک کی گرتی ہوئی شرح پیدائش سے نمٹنے کیلئے خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے پر زور دیا، اس دوران وہ جذباتی ہو گئے اور انکی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے تقریب کے دوران خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ ماؤں کے بارے میں سوچتا ہوں جب مجھے پارٹی اور ریاست کے کام سے نمٹنے میں مشکل پیش آتی ہے، ملکی طاقت کو مضبوط بنانے میں کردار پر ماؤں کا شکریہ گزار ہوں۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے اندازے کے مطابق شمالی کوریا میں 2023ء تک ایک خاندان میں پیدا ہونے والے بچوں کی اوسط شرح 1.8 رہی جوکہ حالیہ دہائیوں کے دوران شرح پیدائش میں واضح کمی ہے۔

تقریباً ڈھائی کروڑ آبادی والے شمالی کوریا کو حالیہ کچھ دہائیوں میں خوراک کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے، جس میں 1990 کی دہائی میں مہلک قحط شامل ہے۔