دوحہ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کے غزہ میں بفرزون کے قیام کا منصوبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کیلئے اسرائیلی بفر زون منصوبے پر بحث کرنا بھی فلسطینیوں کی بے عزتی ہے۔
قطر سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل نے ترکیہ میں حماس کے اراکین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مقبوضہ علاقے واپس کرنا ہوں گے، حماس اپنی سر زمین کے تحفظ کیلئے لڑنے والا مزاحمتی گروپ ہے، غزہ کے مستقبل کا فیصلہ فلسطینی ہی کریں گے۔
ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی اسرائیل کی حمایت خطے کی موجودہ صورت حال کا سبب بنی، سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی توثیق پارلیمنٹ میں جمع کر کے اپنا کردار ادا کر دیا، اب ترکیہ کو ایف 16طیاروں کی فروخت پر امریکی کانگریس سے بیک وقت اقدامات کی توقع ہے۔