عالمی اداروں نے غزہ پر دوبارہ اسرائیلی جارحیت کو تشویشناک قرار دے دیا

نیویارک: (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی اداروں نے عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ پر دوبارہ اسرائیل کی جارحیت کو تشویشناک قرار دے دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجرک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کے دوبارہ آغاز سے صورتحال تشویشناک ہے، اسرائیل کی غزہ کے خلاف جنگ تباہ کن ہے۔

اقوام متحدہ نے انسانی بنیادوں پر حماس اسرائیل جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ منتقل ہونے والی امداد کا کوئی پتہ نہیں۔

دوسری جانب یونیسیف نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے لگتا ہے بچوں کے دوبارہ قتل عام کی منظوری دے دی جبکہ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں ہسپتالوں کے مناظر ہارر فلم جیسے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جاری 7 روزہ جنگ بندی مزید کسی توسیع کے ختم ہو گئی، جنگ بندی کے بعد غزہ پر فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔

صیہونی فوج کی جانب سے رفاہ، غزہ سٹی، خان یونس، جبالیہ اور شجائیہ کے اطراف 200 کے قریب اہداف کو نشانہ بنایا گیا، بمباری میں 175 نہتے فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔