گزشتہ ماہ جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار انسانی امداد شمالی غزہ میں پناہ گاہوں تک پہنچی،بیان
جینیوا(انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آرڈبلیو نے کہا ہے کہ غزہ شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں یو این آر ڈبلیو اے کے امور کے ڈائریکٹر تھامس وائٹ نے کہا کہ گزشتہ ماہ جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار انسانی امداد شمالی غزہ میں پناہ گاہوں تک پہنچی ہے۔
ا نہوں نے کہاکہ جب ہم غزہ شہر سے گزرے تو وہ شہر کی بجائے کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے اور تباہ شدہ سڑکیں امداد کی ترسیل کو پیچیدہ بنا رہی ہیں ۔انسانی ہمدردی کے عہدیداروں نے دونوں فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ لڑائی کے وقفے کو بڑھانے کے لیے بین الاقوامی مطالبے کی حمایت کریں ، جنگ بندی کے باعث انسانی ہمدردی کے ادارے خاص طور پر مصری اور فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی سمیت اقوام متحدہ کے مختلف امدادی ادارے غزہ میں امداد کی ترسیل کو آگے بڑھانے کے قابل ہوسکے ہیں۔