عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوںمیں کمی

اسلا م آباد (این این آئی) عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں کم ہونے سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں بڑی کمی کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پیر کو عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہوئی اور برینٹ بینچ مارک 80ڈالر فی بیرل سے نیچے چلا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کی وجہ اوپیک پلس کا اجلاس بتایا جارہا ہے جس میں روس اور سعودی عرب 2024ء کے اوائل میں رضاکارانہ طور پر تیل کی سپلائی میں کٹوتی کر سکتے ہیں، اجلاس میں تیل کی پیداوار مزید کم کرنے کے منصوبوں پر بات چیت بھی متوقع ہے ،اس منظر نامے کا اثر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں پر پڑا اور قیمتیں کم ہوگئیں۔تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستان کو بھی پہنچنے کا امکان ہے، یکم دسمبر کو ممکنہ طور پر پاکستان میں تیل کی قیمتیں 18 سے 20 روپے تک کم ہوسکتی ہیں تاہم اس کا فیصلہ نگران وفاقی حکومت کرے گی۔