انقرہ: (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔ جی 20 سمٹ سے اظہار خیال کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ امید ہے یہ جنگ بندی مستقل امن کا باعث بنے گی، غزہ پر اسرائیل کے حملے جنگی جرائم کے مترادف ہیں، غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں عارضی وقفے کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ میں وقفہ کیا جائے گا، جنگ میں وقفے کا آغاز 24 گھنٹے کے اندر ہوگا اور درجنوں فلسطینی، اسرائیلی قیدیوں کا تبادلہ ہو گا۔
معاہدے کے تحت حماس اپنے پہلے مرحلے میں تقریباً 50 اسرائیلی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں اسرائیل تقریباً 150 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا ان میں زیادہ تر خواتین اور نابالغ ہیں۔
اسرائیلی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں حماس کی قید میں موجود 50 افراد کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔