راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) پاسپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ التوا کا شکار ہونے کے باعث شہری نئے پاسپورٹ بنوانے اور ری نیو کروانے کیلئے خوار ہو گئے۔
نارمل فیس والے پاسپورٹ 20 دن کے بجائے 60 سے 65 روز، ارجنٹ فیس والے 15 جبکہ فاسٹ ٹریک پاسپورٹس 2 روز میں فراہم کیے جا رہے ہیں جس کے باعث سائلین مشکلات کا شکار ہیں۔
محکمے کی جانب سے نارمل فیس کے تحت پاسپورٹ بنوانے والوں کو 2، 2 ماہ انتظار کروایا جا رہا ہے، پاسپورٹ تاخیر سے ملنے کے باعث لوگ اب نارمل فیس کے بجائے ارجنٹ بنیادوں پر پاسپورٹ بنوانے کیلئے زیادہ فیس دینے پر مجبور ہیں۔
نارمل پاسپورٹ کی فیس 3 ہزار، ارجنٹ کی 5 ہزار اور فاسٹ ٹریک کی ساڑھے 12 ہزار روپے ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں روزانہ اڑھائی سے 3 ہزار لوگ پاسپورٹ بنوانے کیلئے دفاتر کا رخ کرتے ہیں۔
دوسری جانب پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام نے پاسپورٹ اجرا کے عمل میں تاخیر کی وجہ بیرون ملک سے مٹیریل کی امپورٹ میں تاخیر کو قرار دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ کیلئے فرانس اور جرمنی سے مٹیریل امپورٹ کیا جاتا ہے، ملک کی معاشی صورتحال کی وجہ سے مٹیریل کی امپورٹ میں کچھ تاخیر ہوئی جو پاسپورٹ کی ڈلیوری میں التوا کا باعث بنی۔
پاسپورٹ حکام نے مزید کہا کہ جلد ہی اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، رواں ماہ تک اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔